شدید سردی سے عام معمولات زندگی مفلوج
مہنداول ،سنت کبیرنگر
سنیچر کا دن شدید سرد رہا جس نے عام لوگوں کے ساتھ جانوروں اور پرندوں کو بھی پریشانی میں ڈال دیا ۔ سنیچر کو کہرا نہیں تھا تاہم گلن اپنے عروج پر تھی۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے زائد سورج نہیں نکلا۔ سنیچر کو کم سے کم درجہ حرارت چار اور زیادہ سے زیادہ 12 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا،جس سے عام معمولات زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے سے دن کے وقت سورج کا دیدار نہیں ہورہا ہے۔ دن بھر مطلع ابر آلود رہا۔ الاؤ عوام کا سہارا رہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق اس سردی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ شدید سردی جانوروں کی تولیدی قوت کو متاثر کرتی ہے۔ جانوروں کو سردی سے بچانے کے لیے انہیں سرسوں کا تیل پلائیں۔
درجہ حرارت میں کمی کے باعث شدید سردی نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ لوگ سردی کے باعث گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہے ہیں۔ ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہونے سے کام کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ چوراہوں پر سڑکیں اور گاؤں کی گلیاں دن بھر سنسان ہو کر رہ گئیں۔
سردی کی وجہ سے لوگوں کی صحت خراب ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر آئی ڈی گورو نے کہا کہ ایسے موسم میں خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ سردی لگ رہی ہو تو پہلے گرم تیل سے مالش کریں۔ موٹے اناج اور گڑ کا استعمال کریں۔ وہیں ڈی ایم مہندر سنگھ تنور نے سردی کے پیش نظر اسکول کو 20 تاریخ تک بند کر دیا تھا۔ جبکہ 21 تاریخ کو اتوار اور 22 تاریخ کو عام تعطیل ہے۔ اس لیے اب اسکول 23 تاریخ کو کھل سکتے ہیں۔